بھونیشور30دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اڑیسہ کی حکمراں بیجو جنتا دل(بی جے ڈی)بی جے پی پر تین مراحل میں پنچایت انتخابات کے پیش نظر لگائی گئی مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن پہنچا ہے۔بی جے ڈی نے الزام لگایا کہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے جو اشتہارات ٹیلی ویژن چینلز پر آ رہے ہیں وہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معلوم پڑتے ہیں۔ریاست میں 13فروری سے پنچایت انتخابات ہیں۔بی جے ڈی نائب صدر ایس این پاترو کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے اس سلسلے میں کمیشن کو ایک میمورنڈم سونپا۔حکمراں پارٹی نے یہ بھی الزام لگایا کہ انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کے اہلکار ریاست میں کئی علاقوں میں گیس سلنڈر تقسیم کرنے کا انتظام کر رہے ہیں۔پاترو نے نامہ نگاروں سے کہا کہ مقامی اوڑیا ٹی وی چینلز پر ”سوچھ بھارت“اور ”اجالا“کے اشتہارات ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔کمیشن طے کرے کہ یہ اشتہارات ووٹر کو متاثر کرتے ہیں یا نہیں۔بی جے پی نے الزام کی تردید کی ہے۔